ممبئی 13 جنوری (ایس او نیوز) مہاراشٹرا کےناسک-شرڈی ہائی وے پر ایک بس کے ٹرک سے ٹکرا جانے کے نتیجے میں دو بچوں سمیت 10 افراد ہلاک اور 34 سے زیادہ زخمی ہو گئے۔ حادثہ جمعہ کی اولین ساعتوں میں قریب 5:30 بجے پھاترے گاؤں کے قریب پیش آیا۔
ذرائع نے بتایا کہ بس ضلع تھانہ کے جڑواں شہر امبرناتھ اوربدلاپور سےمسافروں کو بھر کر احمد نگر، شرڈی سائی بابا مندر جانے کے لئے نکلی تھی کہ مخالف سمت سے آنے والی ٹرک سے ٹکراگئی۔
پتہ چلا ہے کہ بس پر قریب پچاس مسافر سوار تھے۔ تمام زخمیوں کو قریبی اسپتالوں میں داخل کیا گیا ہے جس میں چھ کی حالت نازک بتائی گئی ہے۔
حادثے پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے مہاراشٹرا کے وزیر اعلی ایکناتھ شندے نے تحقیقات کا حکم دیا ہے اور فوری طور پر مہلوکین کے ورثاء کو پانچ پانچ لاکھ روپیوں کی امداد دینے کا اعلان کیا ہے۔